3 جولائی 2016 - 18:50
امریکہ کے خصوصی نمائندے کی پاکستان کے خارجہ سیکریٹری سے ملاقات

پاکستان اور افغانستان کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے نے اسلام آباد میں پاکستان کے ایک اعلی رتبہ سفارتی عہدیدار سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق رچرڈ اولسن اور اعزاز احمد چودھری کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورت حال اور افغانستان میں قیام امن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

رچرڈ اولسن کا یہ دورہ ایسے وقت میں انجام پا رہا ہے جب پاکستان کے صوبے بلوچستان کے شہر نوشکی کے قریب امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے سابق سرغنہ ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد سے اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کشیدہ چلے آرہے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی جھڑپوں کے تناظر میں بھی امریکی نمائندے کے دورے کو انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

خبروں کے مطابق رچرڈ اولسن اور اعزاز احمد چودھری کے درمیان ملاقات میں افغانستان میں امن کے لئے قائم چار فریقی اجلاس کی کوششوں کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ افغانستان، چین، پاکستان اور امریکہ، چار فریقی اجلاس کے رکن ممالک ہیں۔

اعزاز احمد چودھری نے امریکی نمائندے کے ساتھ ملاقات میں ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

پاکستان اور افغانستان کے اعلی عہدیداروں نے حال ہی میں مشترکہ سرحدی انتظام کے حوالے سے بھی ایک دوسرے سے مذاکرات کئے تاہم کسی اتفاق رائے پر نہیں پہنچ سکے۔ یہ مذاکرات دونوں ملکوں کے درمیان طورخم کی سرحد پر حالیہ جھڑپوں کے بعد ہوئے ہیں جن میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں تھیں جب پاکستان نے سرحد پر باڑ لگانے اور گیٹ نصب کرنے کی کوشش کی تاکہ پاکستان میں مسلح افراد کے داخلے کو روکا جا سکے۔ پاکستان کے اس اقدام پر افغانستان نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

حالیہ مہینوں کے دوران پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی رہی ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر دہشت گردوں کو پناہ دینے اور ان کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169